بحرالحمر میں یمن اور امریکہ آمنے سامنے، تجارت پھر معطل،31دسمبر2023کی خبریں
مرتب: رضی طاہر، اسلام آباد
فلسطین، مزاحمتی گروپس وعالمی معاونین سے متعلق خبریں:
٭ شام کے شہر دیر الزور کے مشرق میں العمر آئل فیلڈ میں واقع امریکی اڈے پر اتوار صبح 3 ڈرونز حملے کیے گیے۔
٭ امریکہ کی حفاظت میں اسرائیل کی جانب جانے والے مارسک کے تجارتی جہاز کو یمن کی بحریہ نے روکنے کی وارننگ دی، جسے نہ روکا گیا تو میزائل سے جزوی تباہ کیا گیا، دو مزید میزائل امریکی رسپانس میں ناکارہ کیے گئے۔ یہ یمن کی جانب سے بحرالحمر میں اسرائیلی تجارتی جہازوں پر 23 واں حملہ ہے، اس حملے کے بعد بحیرہ احمر میں امریکی بحریہ نے یمنی بحریہ کی سپیڈ بوٹس کو نشانہ بنایا،جس سے 10حوثی شہیداور دو زخمی ہو گئے۔مارسک نے حالیہ حملے کے بعد بحرالحمر میں تجارت پھر معطل کردی ہے۔ بحر الحمر میں آج کی اس لڑائی کے بعد یمن اور امریکہ کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
٭ حماس نے غزہ میں آج اسرائیلی فوج کے دو ٹینکوں کو تباہ کیا جبکہ تین فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ اسی طرح حماس کی کاروائیوں میں شمالی غزہ کی پٹی میں گیواتی بریگیڈ کا ایک افسر اور نہال بریگیڈ کی کامبیٹ انجینئرنگ بٹالین کا ایک ریزروسٹ شدید زخمی ہوا۔وسطی غزہ کی پٹی میں اسی آپریشن میں گولانی کا ایک اور جنگی انجینئر شدید زخمی ہوا،اسی طرح ایک کیپٹن کو دو افسران بالترتیب وسطی اور جنوبی غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کے ہاتھوں مارے گئے۔
٭ وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق لبنانی مزاحمتی کارروائیوں کے نتیجے میں شمالی اسرائیل سے نکالے جانے والے اسرائیلیوں کی تعداد حیران کن طور پر 230,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔اسرائیلی میڈیا نے اس ہفتے کے شروع میں اطلاع دی تھی کہ شمالی مقبوضہ فلسطین میں آباد کاروں کے درمیان خوف بڑھ رہا ہے کیونکہ مزاحمتی فوج روزانہ کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسرائیل کی کاروائیاں:
٭ المیادین نیوز نیٹ ورک نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینی قیدیوں کو خراب کھانے کے ساتھ زہر دے رہا ہے۔
٭ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں جنگ ابھی کئی ماہ اور جاری رہے گی۔
٭ اسرائیلی فورسز کی جانب سے خان یونس، المغازی کیمپ، نصیرات، نصر ہسپتال سمیت غزہ کے مختلف مقامات پر ائیرسٹرائیکس کی گئیں۔
٭ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں گھر پر حملے میں صحافی نرمین حبوش کو اس کے بچے اور ماں سمیت شہید کر دیا۔
٭ اسرائیلی فورسز کی بمباری سے غزہ کے نواحی شہر زیتون میں 48 سویلین فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسی طرح الاقصی یونیورسٹی کے میں ائیر سٹرائیک کے دوران 20 فلسطینیوں کی شہادت کی اطلاعات ہیں۔
٭ اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے اردگرد درجنوں اسرائیلی فوجیوں کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ ایک خطرناک جلدی بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔ یہ بیماری سینڈ فلائی کے کاٹنے سے پھیلتی ہے۔ یہ بیماری دردناک اور دیرپا جلد کے زخموں کا سبب بنتی ہے۔
دنیا کا ردعمل:
٭ کینیڈا کے دارلحکومت میں ہزاروں افراد نے فلسطین کے حق میں مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے سیز فائر کا مطالبہ کیا
٭ فرانس میں ہونے والے احتجاج میں شہریوں نے اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔
٭ آئرلینڈ میں احتجاج کا اہتمام کیا گیا جس میں غزہ میں فوری سیز فائر کا مطالبہ کیا گیا۔