پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ ہورہا ہے یہ تحریک انصاف کررہی ہے۔ جبکہ پنجاب میں ہونے والے طلباء احتجاج کا سلسلہ آج تیسرے دن بھی جاری ہے۔ اس ضمن میں ہمارے پنجاب کی وزیراعلیٰ سمیت پولیس و حکومت کے سامنے ہمارے کچھ سوالات ہیں، اس میں ہم کوئی تبصرہ نہیں کررہے ، صرف سوال سامنے رکھ رہے ہیں تاکہ منظر نامے کو سمجھا جاسکے۔
1۔ پنجاب گروپ آف کالج کے کیمپس10 کے طلباء کا تیسرے دن بھی احتجاج جاری ہے، تمام طلباء و طالبات ایک سمت ہیں اور ان کے احتجاج میں شدت ہے۔ سوال یہ ہے کہ طلباء جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، اگر کسی واقعے کو جانتے ہی نہیں تو اتنی شدت سے احتجاج کیوں کررہے ہیں؟
2۔ پنجاب گروپ آف کالج کے کیمپس 10 کی پرنسپل اور پروفیسرز نے احتجاج سے ایک دن قبل ، طلبہ و طالبات کو suspension کی دھمکیاں کیوں دیں ؟ یہ دھمکیاں واضح طور پر بتاتی ہیں کہ دال میں کچھ کالا تھا؟
3۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پرنسپل نے ویڈیو ثبوت ڈیلیٹ کیے گئے اور کیمرے بند کیے گئے، صوبائی وزیرتعلیم جس امر کا اظہار کررہے ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب نے اس کا ذکر کیوں نہیں کیا؟ کون سے ویڈیو فوٹیج ہے جو ڈیلیٹ کی گئیں؟
4۔ صوبائی وزیر تعلیم نے خود بتایا کہ انہوں نے ویڈیو اور آڈیو میسجز سنے ہیں جو کہ پرنسپل اوردیگر سٹاف کے ہیں، کیا کسی آڈیو یا ویڈیو میسج کا فرانزک کیا گیا؟ دھمکی آمیز میسجز کی تحقیقات کی گئیں کہ سٹاف کی جانب سے بچوں کو کس واقعے پر خاموش رہنے کیلئے دھمکایا جارہا ہے؟
5۔ احتجاج کے بعد پہلا ردعمل گفتگو یا مذاکرات نہیں بلکہ طاقت کا استعمال تھا، پولیس اور پنجاب کالج کے سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے مظاہرین طلباء پر تشدد کیا گیا ، سوال یہ ہے کہ مظاہرے پر پہلے رسپانس میں تشدد کے احکامات کس نے جاری کیے اور کون ہے تشدد کے ذریعے احتجاج کو روکنا چاہتا تھا؟
6۔ کس قانون اور دائرہ کار کے تحت پنجاب کالج کے سیکیورٹی گارڈز نے طلبہ پر لاٹھی چارج کیا، کیا طلباء پر لاٹھی چارج کرنے والے نجی سیکیورٹی گارڈز کیخلاف کوئی کاروائی عمل میں لائی گئی؟
7۔ گارڈ کی گرفتاری کو لے کر پولیس اور کالج انتظامیہ کے موقف میں تضاد کیوں تھا؟ گارڈ کو پولیس نے کس گرفتار بھی کیا؟ گارڈ کے ساتھ جس ڈرائیور کا نام آرہا ہے اس کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔
8۔ اگر کالج میں کچھ بھی نہیں ہوا تو پھر کالج کی رجسٹریشن کس بنیاد پر منسوخ کی گئی ؟
9۔ لاہور ویمن کالج یونیورسٹی کا معاملہ الگ نوعیت کا ہے وہاں احتجاج ہراسمنٹ کی شکایتوں پر کوئی ایکشن نہ لیے جانے پر کیا گیا، پنجاب حکومت نے اس ادارے میں سامنے آنے والی شکایتوں پر کیا تحقیقات کیں ہیں؟
10۔ پنجاب پولیس نے احتجاج کے پہلے روز ہی یہ تعین کیسے کرلیا تھا کہ وہاں کوئی واقعہ نہیں ہوا؟ کیا یہ پہلے سے طے کرلیا گیا تھا کہ پنجاب کالج کے موثر مالکان کو بچانا ہے؟ پنجاب پولیس کی پہلے دن سے ہی تمام تر پھرتیاں یہ ثابت کرنے پر ہیں کہ واقعہ ہوا ہی نہیں، پہلے سے طے شدہ نتیجے پر تفتیش کرنا کیا درست ہے؟
یہ دس سوالات ہیں، یقینا ان کے جوابات حکومت سے ملیں گے۔