دھن، دھونس اور دھاندلی؛ ڈنڈا یا ایجنڈا؟

تحریر: رضی طاہر

پاکستان میں انتخابات کی کامیابی خوشحالی، انصاف اور خودمختاری کے ایجنڈے پر نہیں بلکہ دھن، دھونس اور دھاندلی کے ڈنڈے کے ذریعے ہی میسر آتی ہے،اس کی ایک سیاہ تاریخ ہے اور تاریخ کے اس حمام میں الیکشن کمیشن، سیاسی جماعتیں، اسٹیبلشمنٹ اور تمام معاون ادارے ننگے ہیں۔ پاکستان میں ہر انتخابات کے بعد دھاندلی کا شور شرابہ شروع ہوتا ہے، جیتنے والی پارٹی انتخابات کو صاف اور شفاف قرار دیتی ہے اور ہارنے والی جماعت دھاندلی کا واویلا کرتی دکھائی دیتی ہے۔

پاکستان میں انتخابات کے ذریعے جمہوری حکومت اور انتخابات کے آمریت کو تقویت دینے کا دھاندلی کا پہلا سیزن قیام پاکستان سے1988تک رہا، اس دورانیے میں آمریت کا عروج جبکہ جمہوریت کا زوال دیکھنے کو ملا۔ اسی دوران آمریت کے اس ناسور نے دختر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو اسی دھاندلی زدہ ماحول سے شکست سے دوچار کرکے وہ گہرا زخم دیا کہ شاید اس زخم پر مرہم ان کی آخری سانس تک کوئی نہ رکھ پایا۔ آمرانہ دھاندلی کے اس سیزن کو ذوالفقار علی بھٹو جیسا ہیرو ملاجس نے عوامی مقبولیت کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑے اور عوام کے راج کی بنیاد رکھی لیکن بھٹو سے غلطی یہ ہوئی کہ انہوں نے ابھی جنم لیتی اور پنپتی جمہوریت کو قدم جمانے کا موقع ہی نہیں دیا اور بڑے فیصلے کرلیے، وہ بڑے فیصلے کہ جنہیں کا اختیار ہمیشہ برسراقتدار طبقہ اپنے پاس رکھنا ہی پسند کرتا ہے یوں ان کے اقتدار کو ختم کرکے انہیں تختہ دا ر پر پہنچایا گیا اور سیزن میں ایک بار پھر آمریت کی واپسی ہوئی۔

دھن، دھونس اور دھاندلی کا دوسرا سیزن 1988سے1999تک جاری رہا جب پاکستان میں دو پارٹیوں کے درمیان اقتدار کی رسہ کشی دیکھنے کو ملی۔اقتدار بے نظیر کو ملا تو نوازشریف اس کے حصول کے لئے بے چین ہوگئے اور نوازشریف کو ملا تو بے نظیر اس کی واپسی کیلئے بیقرار ہوئیں، اس سیزن میں اسلامی جماعتیں اورانکے سربراہان ہیروز بنتے رہے، کبھی دیکھو دیکھو کون آیا قاضی آیا قاضی آیا کے نعرہ مستانہ بلند ہوتے دیکھے تو کبھی پروفیسر طاہر القادری کے عوامی اتحاد کے تذکرے، اسی دوران قاضی حسین احمد نے دھرنا سیاست کا رواج ملکی سیاست میں ڈالا، گو کہ یہ سبھی پریشر گروپس ہی رہے لیکن ان کی تحریکیں دھن دھونس اور دھاندلی کو چیلنج کرتی رہیں جبکہ اقتدار اس کی گود میں جاتا رہا جس نے ان تینوں فارمولوں پر مکمل عمل کیا۔ دھن دھونس اور دھاندلی کے سیزن دوئم کا اختتام اکتوبر1999میں ایک اور مارشل لاء کے ذریعے ہوگیا۔

مشرف کی آمریت کے 10سال میں دھاندلی کو سائنسی بنیادوں پر ترقی عطا کی گئی اور سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے انتخابی ڈرامے رچائے گئے، اس سیزن میں مشرف خود ہی ہیرو رہے اور کچھ ناپسندیدہ فیصلوں نے انہیں زیرو کردیا۔ اس سے پہلے کہ ہم سیزن تھری کی جانب بڑھیں دھن دھونس اور دھاندلی کے کرداروں پر روشنی ڈالتے ہیں، اس کے کرداروں میں وننگ ہارسز صف اؤل پر ہیں، وننگ ہارس وہ انتخابی گھوڑا ہے جو ایک انتخابی میدان کو جیتنے کیلئے کروڑوں کا دھن لٹانا جانتا ہو، علاقے میں اسکی دھاک کے ذریعے دھونس کا مظاہرہ کرسکے اور انتخابات کے روز طرح طرح کے دیسی ٹوٹکوں کے ذریعے دھاندلی سرانجام دے سکے۔

مشرف کی آمریت کے بعد میثاق مجبوریت ہوا جسے دنیا میثاق جمہوریت کہتی ہے، یہ دو جماعتوں کا انتہائی مجبوری کے عالم میں مک مکا تھا، ایک اقتدار میں تو دوسری اپوزیشن میں رہے گی۔ اقتدار میں رہنے والی جماعت کو پانچ سال پورے کرنے دیئے جائیں گے وغیرہ وغیرہ۔یہ سیزن کئی عشروں کی پلاننگ تھی لیکن محض انتخابات2008کے دو سال بعد ملکی سیاست میں ذوالفقار علی بھٹو کے بعد ایک اور ہیر و یعنی عمران خان کی انٹری ہوگئی اور عشروں کی پلاننگ کا خواب چکنا چور ہوا۔ 2013میں سب کچھ پلان کے مطابق ہی ہوا۔ پیپلزپارٹی کے پانچ سال بعد مسلم لیگ ن کو پانچ سال میسر آگئے لیکن اچانک 2013میں عمران خان نے دھن دھونس اور دھاندلی کوچیلنج کردیا۔

عمران خان نے تقریباً دو سال انتخابی دھاندلیوں پر بھرپور تحریک چلا کردھاندلی کے خلاف سب سے بڑی تحریک چلائی اور مسلم لیگ نواز کے اقتدار کے پانچوں سال دھن، دھونس اور دھاندلی کو چیلنج کیا۔ دہائیوں سے قائم اس نظام کو اچانک سے گرانایقینا ناممکن تھا لہذا 2018کے انتخابات میں عمران خان کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے انہیں بھی وننگ ہارسز میسر آئے لیکن اس بار کچھ الگ ہوا۔ 2018میں پاکستان تحریک انصاف حکومت بنانے میں تو کامیاب ہوئی لیکن پہلی بار حکومت بنانے والی جماعت کے ساتھ تاریخی دھاندلی کی گئی اور اس کی سیٹیں کم سے کم کرکے اسے بیساکھیوں کے سہارے حکومت بنانے پر مجبور کیا گیا، پھر وہی ہوا جس کیلئے یہ گیم رچائی گئی محض ساڑھے تین سال بعد اس ہیرو سے بھی اقتدار لے لیا گیا وجہ وہی بنی جو بھٹو کی حکومت گرانے کے محرکات تھے۔

عمران خان کی وفاقی اور پنجاب حکومت کا سورج غروب ہوا۔ دھن، دھونس اور دھاندلی بمقابلہ عمران خان کا ایک اور امتحان پنجاب کی 20نشستوں کی صورت میں سامنے آگیا ہے۔17جولائی کو انتخابات ہیں اور اس وقت پاکستان تحریک انصاف مقبول ترین جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آچکی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ دھاندلی کو شکست دینے میں عمران خان اور انکی پارٹی کامیاب ہوگی یا نہیں۔پاکستان اب دھن، دھونس اور دھاندلی کے کسی نئے سیزن کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ برسراقتدار طبقات، ملک کے تمام اداروں اور سیاسی جماعتوں کو اب سمجھنا ہوگا کہ قوم اب ڈنڈے کے بجائے ایجنڈے کی سیاست چاہتی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں