کیسے غزہ، لبنان اور ایران کی مزاحمت نے مغربی دنیا کو امریکہ سے آزاد کیا؟

دہائیوں سے امریکی مفادات کی بھینٹ چڑھتی مغربی دنیااب امریکی تسلط سے آزادی اور خودمختاری کی جانب بڑھ رہی ہے اور اس کا کریڈٹ غزہ ، ایران اور لبنان کی مزاحمت کو جاتا ہے، جنہوں نے امریکہ کو اخلاقی اور سفارتی سطح پر بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے۔

امریکہ کی کالونیاں بننے کے بجائے اب یورپی ممالک نئے اتحادی بنارہے ہیں اور کاروباری مفادات کیلئے چین کی منڈیوں کا بھی رخ کررہے ہیں۔فرانس، کینیڈا اور برطانیہ کے بعد اب سپین نے بھی چین کا رخ کیا ہے۔ اسپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے اپنے تاریخی دورہ چین میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ اسپین اور یورپ دونوں کے مفاد میں ہے کہ چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے۔جنوری میں برطانوی وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران برطانیہ اور چین کے درمیان اربوں پاؤنڈز کے تجارتی معاہدوں اور اقتصادی مواقع پر بھی پیش رفت ہوئی۔ کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی نے جنوری 2026 میں چین کا سرکاری دورہ کیا تھاجبکہ دسمبر 2025 میں فرانسیسی صدر میکرون چین کا دورہ کرچکے ہیں اور تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے۔

حالیہ ایران امریکہ جنگ کے دوران یورپ نے ناقابل یقین مزاحمت دکھائی۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی سمیت بڑے یورپی ممالک نے ابتدا میں ہی واضح کیا کہ وہ امریکہ اسرائیل کی کسی قسم کی فوجی کارروائی میں براہ راست شامل نہیں ہوں گے۔ صرف برطانیہ نے اپنے اڈے امریکہ کو استعمال کیلئے دیئے لیکن خود براہ راست حصہ بننے سے انکار کیا۔سپین ، اٹلی ، فرانس جیسے ممالک نے اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہیں دی جبکہ ٹرمپ نے جب نیٹو کو جنگ میں گھسیٹنا چاہا تو سب یورپی ممالک ایک پیج پر آئے اور نیٹو کو اس تنازعے سے علیحدہ رکھا۔ اس جنگ کے نتیجے میں اب یورپ ملٹی پولر دنیا کے اندر ایک علیحدہ حیثیت کے طور پر ابھرا ہے گو کہ امریکہ کو انکار اور مزاحمت ابھی طویل ہوسکتی ہے لیکن امریکہ کا اثرورسوخ ختم ہونا شروع ہوچکا ہے جو کہ امریکہ کے ایک بہت بڑی اسٹریٹیجک شکست ہے۔

دوسری جانب یورپی و مغربی ممالک نے اسرائیل سے بھی دوری اختیار کی، فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کیا اور اسرائیلی جنگی مقاصد کی بھینٹ چڑھنے سے گریزاں کیا۔ اس عملی مزاحمت کی ایک بڑی وجہ یوکرائن کا تنازعہ بھی ہے جو کہ امریکہ حل کرنے میں مسلسل ناکام ہوتا دکھائی دے رہا ہے جبکہ پورا یورپ اس تنازعے سے براہ راست متاثر ہے۔ لہذاتمام تر صورتحال یہ واضح کرتی ہے کہ غزہ، لبنان اور ایران کی بے مثال مزاحمت نے یورپ کو مغربی تسلط سے آزاد کرنے کیلئے حوصلہ، ہمت اور غیرت فراہم کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں